ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ’ون نیشن ون الیکشن‘ پر فیصلہ لینے سے قبل سبھی سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی جائے گی:غلام نبی آزاد

’ون نیشن ون الیکشن‘ پر فیصلہ لینے سے قبل سبھی سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی جائے گی:غلام نبی آزاد

Tue, 03 Oct 2023 12:51:43    S.O. News Service

سری نگر ، 3/اکتوبر(ایس او نیوز/ایجنسی)ون نیشن ون الیکشن کمیٹی کے ممبر و سابق مرکزی وزیر غلام نبی آزاد نے پیر کے روز کہاکہ‘ ون نیشن، ون الیکشن’پر حتمی فیصلہ لینے سے قبل تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے قومی، علاقائی اور تسلیم شدہ سیاسی پارٹیوں کے ساتھ گفت وشنید کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ لیا جائے گا۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔

انہوں نے کہاکہ ہر ایک مسئلے کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے یہاں تک کہ اگر ہڑتال کرنی ہے تو وہ بھی شانتی سے اگر کی جائے تو ظالم خود پگھل سکتا ہے اور یہی فارمولہ مہاتما گاندھی نے بھی دیا ہے۔‘ون نیشن ون الیکشن’کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں غلام نبی آزاد نے کہاکہ اس پر حتمی فیصلہ لینے سے قبل سبھی سیاسی جماعتوں کو مدعو کیا جائے گا اور ان کی آرا حاصل کی جائیں گی.انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے کوئی جلد بازی نہیں ہوگی۔

انہوں نے مزید کہاکہ یہ سوچنا غلط ہے کہ کمیٹی اپنے آپ ہی کوئی فیصلہ لے گی۔آزاد نے کہاکہ‘ ون نیشن ون’الیکشن کے حوالے سے ایک تعارفی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں سبھی ممبروں نے شرکت کی۔ خواتین ریزرویشن بل پاس کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے غلام نبی آزاد نے کہاکہ اس کیلئے موجودہ سرکار مبارکباد کی مستحق ہے۔

انہوں نے کہاکہ ماضی میں یو پی اے سرکار نے بھی اس بل کو لاناچاہا لیکن اس وقت کئی سیاستدانوں نے اس پر اعتراض اٹھایا تھا۔جموں وکشمیر میں بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات کو مؤخر کرنے کے بارے میں پوچھے گئے اور ایک سوال کے جواب میں غلام نبی آزاد نے سوالیہ انداز میں کہاکہ جمہوریت کی بنیادی چیز الیکشن ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جمہوریت میں اگر الیکشن نہیں ہوگا تو جمہوریت ہی نہیں رہے گی لہٰذا جموں وکشمیر میں اسمبلی اور دیگر چناؤ دیر سویر ضرور ہوں گے۔آزاد نے کہاکہ یہ سوچنا ہی غلط ہے کہ جموں وکشمیر میں اب الیکشن نہیں ہوں گے کیونکہ جمہوریت کی بنیاد الیکشن پر منحصر ہے۔


Share: